LIVE

پاکستان کو ہاردک پانڈیا جیسے کھلاڑی کی ضرورت ہے: شاہد آفریدی

ویب ڈیسک
September 28, 2022
 

شاہد آفریدی نے انگلینڈکے خلاف بقیہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں آل راؤنڈر عامر جمال کو بھی آزمانے کا مشورہ دیا

قومی ٹیم کے سابق اسٹار   آل راؤنڈر  شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ہاردک پانڈیا جیسے آل راؤنڈر کی ضرورت ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کے مطابق شاہد آفریدی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ گرین شرٹس کے پاس خوشدل شاہ، محمد آصف، محمد نواز اور شاداب خان جیسے کھلاڑی موجود ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی ہاردک پانڈیا کی طرح مستقل مزاجی نہیں دکھا پایا، جس طرح  ہاردک پانڈیا نے بھارت کے لیے دکھائی ہے۔

سابق پاکستانی کپتان کے مطابق ہمارے پاس ہاردک پانڈیا جیسے فنشر نہیں ہیں، ہم سمجھتے تھے کہ خوشدل اور محمد آصف ایسا کرپائیں گے لیکن وہ نہیں کرپائے، محمد نواز اور شاداب خان بھی مستقل مزاجی نہ دکھاپائے، ہمیں کم ازکم ایسے دو کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو مستقل مزاجی کے ساتھ پرفارم کریں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شاداب کی بولنگ بہت ضروری ہے، جس دن شاداب گیند کا اچھا استعمال کرتے ہیں اس روز پاکستان جیت جاتا ہے۔

بوم بوم آفریدی نے انگلینڈکے خلاف بقیہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں آل راؤنڈر عامر جمال کو بھی آزمانے کا مشورہ دیا۔

آفریدی کے مطابق ہم جس طرح کی پچز پر کھیل رہے ہیں ایسے وقت میں آپ کو دو فاسٹ بولر اور ایک آل راؤنڈر کی ضرورت ہے، ہم نئے کھلاڑی عامر جمال کو کیوں نہیں کھلا رہے؟ عامر سے بولنگ اور  بیٹنگ کروانی چاہیے تاکہ ہمیں پتہ چل سکے کہ عامر جمال کس قسم کا کھلاڑی ہے۔