LIVE

میں نے کئی سال پہلے کہہ دیا تھا کہ اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے: نواز شریف

ویب ڈیسک
September 29, 2022
 

نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر انسان سچا ہو تو اللہ ساتھ نہیں چھوڑتا، اللہ تعالی نے حق کو فتح دلا کر پوری دنیا کو دکھا دیا—فوٹو: فائل

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف نے مریم کی بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کئی سال پہلے کہہ دیا تھا کہ اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔

نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر انسان سچا ہو تو اللہ ساتھ نہیں چھوڑتا، اللہ تعالی نے حق کو فتح دلا کر پوری دنیا کو دکھا دیا۔

خیال رہے کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو بری کر دیا ہے۔ مریم نواز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز ایڈوکیٹ اور نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد کیس کا مختصر فیصلہ سناتے مریم نواز کی 7 سال کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کر دیا۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو 7 سال اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی، مریم نواز کو جرم میں معاونت کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔

ایون فیلڈ کیس میں ہی مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو 10 سال قید کی سز اسنائی گئی تھی۔