پاکستان
Time 29 ستمبر ، 2022

مریم کی بریت احتساب کے نظام پر طمانچہ ہےجو شریف خاندان کے خلاف استعمال کیا گیا: شہباز

عدالت سے بری ہونے کے بعد مریم نواز کی اپنے چچا اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے، وزیراعظم نے بھتیجی کو گلے لگاکر مبارک باد دی۔

ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کا بری ہونااحتساب کے اس نظام پر طمانچہ ہے جو شریف خاندان کے خلاف استعمال کیا گیا۔

عدالتی فیصلے پر مریم نواز نے کہا کہ اللہ نے آج نواز شریف کو سرخرو کیا، چھ سال اس کیس میں جھوٹ بولا گیا، عمران خان کو جھوٹ اور بہتان کا جواب دینا پڑے گا۔

خیال رہے کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو بری کر دیا ہے۔ مریم نواز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز ایڈوکیٹ اور نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد کیس کا مختصر فیصلہ سناتے مریم نواز کی 7 سال کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کر دیا۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو 7 سال اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی، مریم نواز کو جرم میں معاونت کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔

ایون فیلڈ کیس میں ہی مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو 10 سال قید کی سز اسنائی گئی تھی۔

مزید خبریں :