LIVE

’ اسٹیڈیم میں پرچی پرچی کے نعروں سے خوشدل شاہ اداس ہوگئے‘

ویب ڈیسک
October 04, 2022
 

خوشدل شاہ کے آؤٹ ہونے پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے انہیں ڈریسنگ روم جاتا دیکھ کر پرچی پرچی کے نعرے لگائے/ فوٹو سوشل میڈیا

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر خوشدل شاہ کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں خراب کارکردگی کے باعث تلخ تجربے کا سامنا رہا ۔

خوشدل شاہ کے آؤٹ ہونے پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے انہیں ڈریسنگ روم جاتا دیکھ کر پرچی پرچی کے نعرے لگائے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

بعد ازاں بیٹر امام الحق کھلاڑیوں کی حمایت میں سامنے آئے اور ٹوئٹ کے ساتھ اسٹیڈیم کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے  شائقین کرکٹ سے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کی درخواست کی۔

اوپنر امام الحق نے ٹوئٹ پر واقعے کی ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے کہا کہ ' میری کرکٹ فینز سے درخواست ہے کہ وہ کھلاڑیوں پر آوازیں نہ کسیں ،آوازیں کسنے سے کھلاڑیوں کی صحت پر برے طریقے سے اثر پڑتا ہے۔

تاہم اب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نعرے سن کر خوشدل شاہ ڈریسنگ روم اداس ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ خوشدل شاہ نے سیریز کے 5 میچز میں 21 کی اوسط سے مجموعی طور پر 63 رنز بنائے تھے ۔

گزشتہ  اتوار کو 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 67 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-4 سے اپنے نام کرلی تھی۔