LIVE

بابرکو کونسے نمبر پر کھیلنا چاہیے؟ عاقب جاوید نے کپتان کو مشورہ دے دیا

ارفع فیروز
October 08, 2022
 

شاداب خان اور محمد نواز کو ٹاپ آرڈر میں لانا مسئلے کا حل نہیں: عاقب جاوید— فوٹو: فائل

لاہور قلندر کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو اہم مشورے دیے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں عاقب جاوید کا کہنا تھاکہ شاداب خان اور محمد نواز کو ٹاپ آرڈر میں لانا مسئلے کا حل نہیں، بابراعظم چوتھے نمبر پر کھیلیں جہاں مسئلہ ہے وہاں کپتان پرفارمنس دیتا ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ بابراعظم بڑے کھلاڑی ہیں، نمبر چار پر کھیلیں گے تو دیگر کھلاڑیوں کو اعتماد ملے گا، فخر زمان اور محمد رضوان کو ایسے حالات میں اوپننگ کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ کوئی کوچ کسی کو نہیں سکھا سکتا، کوچ صرف کھلاڑی کو اعتماد دیتاہے، بولر اپنی سب سے بہترین گیند کریں تو زیادہ وکٹیں ملنے کا موقع ہوتا ہے، حارث رؤف کو سمجھایا کہ اپنی اسٹرینتھ پر بولنگ کراؤ۔

عاقب جاوید کا کہنا تھاکہ نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف جیسے فاسٹ بولر کسی اور ٹیم کے پاس نہیں، پاکستان کی فاسٹ بولنگ مکمل ہے، بولنگ کا کوئی مسئلہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فخر زمان کو حیدرعلی یا خوش دل کی جگہ ورلڈکپ اسکواڈ میں لانا چاہیے، فخر زمان کے بغیر پاکستان کا بیٹنگ آرڈر غیرتسلسل کا شکار رہےگا۔

خیال رہے کہ سہ ملکی سیریز میں کپتان بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے کیویز کو باآسانی شکست دے دی اور یہ سیریز میں قومی ٹیم کی مسلسل دوسری فتح ہے۔