LIVE

گیس بحران سے تنگ کراچی کے ایکسپورٹرز نے لکڑیوں سے فیکٹری چلانا شروع کردی

علی عمران سید
November 15, 2022
 

صوبہ سندھ کے سب سے پرانےکراچی کے سائٹ انڈسٹریل ایریا کے بڑے ایکسپورٹرز نے گیس بحران سے تنگ  آکر لکڑیوں سے فیکٹری چلانا شروع کردی ہے۔

قائد اعظم کی جانب سے افتتاح کیےگئے سائٹ انڈسٹریل ایریا کی فیکٹریوں میں گیس بند ہونے کے بعد بڑے ایکسپورٹرز نے سیکڑوں سال پرانا طریقہ اپناتے ہوئے ہزاروں ٹن لکڑیاں خریدکر فیکٹری کا بوائلر چلانا شروع کردیا۔

فیکٹری مالکان کا کہنا ہےکہ گیس کے مقابلے میں لکڑی دگنی مہنگی ہے۔

خیال رہےکہ گیس میں خودکفیل صوبہ سندھ میں آج سے 28 فروری تک فیکٹریوں کی گیس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 وہ ایکسپورٹرز جو بین الاقوامی منڈی میں پاکستان سے زائد مال خریدنےکے لیے بات کرتے ہیں وہ اب لکڑی کی ٹال والوں سے بات چیت کر رہے ہیں ، ڈالر کی قدر اور سیاسی صورتحال نے فیکٹری مالکان کو الگ مشکل میں ڈال رکھا ہے۔

مختلف فیکٹری مالکان نے فرنس آئل اور ایل پی جی سمیت مختلف متبادل ذرائع سے فیکٹریاں چلانا شروع کی ہیں تاہم لکڑی جلا کر بڑی فیکٹری چلانے کا آئیڈیا کراچی میں نیا ہے۔