LIVE

فارماسیوٹیکل کمپنیوں کا دباؤ، ادویات کی قیمتوں میں اضافے کیلئےکمیٹی قائم

محمد وقار بھٹی
November 30, 2022
 

فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے دباؤ پر وزیراعظم شہباز شریف نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے کمیٹی قائم کر دی۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی ادویات میں قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر  کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کریں گے جبکہ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل، ایازصادق اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیدار بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

مقامی فارما سیوٹیکل انڈسٹری کی نمائندگی فاروق بخاری، زاہد سعید، قاضی منصور دلاور اور دیگر کریںگے جبکہ ملٹی نیشنل فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی نمائندگی ارم شاکر رحیم اور عائشہ ٹیمی حق کریں گی۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی دواؤں کی قیمتوں میں اضافے کے مطالبات کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی، اعلیٰ سطح کی کمیٹی ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2018 کا بھی ازسرنو جائزہ لے گی۔

وفاقی حکام کے مطابق پاکستانی فارماسیوٹیکل انڈسٹری نے تمام دواوں کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافے کا مطالبہ ہے تاہم ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے بنائی گئی کمیٹی کا تاحال کوئی اجلاس نہیں بلایا گیا۔