LIVE

بالی وڈ میں مرد اداکاروں کے معاوضے کا صرف 10 فیصد پایا: پریانکا چوپڑا

ویب ڈیسک
December 07, 2022
 

 22 سالا کیرئیر میں پہلی بار ہالی وڈ میں اپنے مرد کواسٹار کے برابر معاوضہ ملا: اداکارہ پریانکا چوپڑا۔ فوٹو فائل

بالی وڈ کی اداکارہ اور سابق مس ورلڈ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ بالی وڈ میں انہیں ایک مرد اداکار کے مقابل صرف 10 فیصد معاوضہ دیا جاتا رہا۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے کے پروگرام 100 ویمن میں گفتگو کرتے ہوئے بالی وڈ کی نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ بالی وڈ میں مجھے کبھی بھی مرد اداکار کے برابر معاوضہ نہیں ملا، مجھے مرد اداکار کے معاوضے کے صرف 10 فیصد کے برابر ملا۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ رقم کا یہ فرق بہت بڑا ہے اور انڈسٹری میں اب بھی خواتین اسے ڈیل کر رہی ہیں، مجھے یقین ہے اگر اب بھی میں بالی وڈ میں کام کروں گی تو مجھے بھی اس کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

پریانکا چوپڑا کا مزید کہنا تھا کہ وہ سمجھتی تھیں کہ بالی وڈ میں گھنٹوں سیٹ پر بیٹھے رہنا ٹھیک ہے لیکن اس کے برعکس مرد کواسٹار اپنی سہولت کے مطابق وقت کا تعین کرتے اور فیصلہ کرتے کہ جب بھی وہ سیٹ پر آنا چاہتے ہیں تب ہی شوٹنگ ہو گی۔

'باجی راؤ مستانی' کی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ اپنے 22  سالہ کیرئیر میں پہلی بار ہالی وڈ میں مرد کواسٹار کے برابر کا معاوضہ ملا۔

فائل فوٹو

بی بی سی 100 ویمن کی جانب سے فلم 'فیشن' کی اداکارہ سے ہالی وڈ میں برابری کی تنخواہ کے حوالے سے سوال پوچھا گیا کہ جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسا ان کے ساتھ پہلی بار ہوا ہے اور ہالی وڈ میں ہوا ہے، تو مجھے نہیں معلوم آگے بھی ایسا جائے گا کیونکہ یہ میرا پہلا شو تھا جس میں میں نے ایک مرد اداکار کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

واضح رہے پریانکا چوپڑا اپنی آنے والی امریکی جاسوس کی سیریز 'citadel' میں جلوہ گر ہوں گی۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا کا شمار بالی وڈ کی کامیاب اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو اب تک 60 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔