LIVE

بارود سے بھری گاڑی پنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئی جس کا ٹارگٹ ہائی ویلیو تھا: وزیر داخلہ

ویب ڈیسک
December 23, 2022
 

پولیس اہلکاروں کی فرض شناسی کے باعث اسلام آباد بڑے حادثے سے محفوظ رہا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں: رانا ثنا اللہ۔ فوٹو فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئی جس کا ٹارگٹ ہائی ویلیو تھا۔

اسلام آباد دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا بارود سے بھری گاڑی راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوئی، اسلام آباد پولیس نے فرض شناسی کا شاندار مظاہرہ کیا، تلاشی کے عمل کے دوران خود کش بمبار نے خود کو اڑا لیا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ گاڑی میں دو خودکش بمبار تھے، دھماکے میں دونوں دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ تلاشی کے عمل کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید بھی ہوا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی کا ٹارگٹ ہائی ویلیو تھا لیکن پولیس اہلکاروں کی فرض شناسی کے باعث اسلام آباد بڑے حادثے سے محفوظ رہا، فرض شناسی پر اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔