LIVE

پشاور: سی ٹی ڈی کے آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک، 5 گرفتار

ابوبکرصدیق
February 22, 2023
 

فوٹو: فائل

پشاور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 5 کو گرفتار کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ٹیلہ بند میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا اس دوران  دہشت گردوں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 5 دہشت گردوں کو  گرفتارکرلیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے، دہشت گرد بھتہ خوری کے 20 سے زیادہ واقعات میں ملوث ہیں، دہشت گرد دستی بم حملوں اور فائرنگ میں ملوث ہیں،  گرفتار دہشت گردوں نے شہری امتیاز سے 50  لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا، بھتے سے انکار پر دہشت گردوں نے متاثرہ شخص کےگھر پر دستی بم حملہ کیا تھا اور فائرنگ بھی کی تھی۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، 6 دستی بم، 2 پستول اورکارتوس برآمدکرلیےگئے۔