LIVE

بھارتی تاجر نے قیمتی رولس رائس گاڑی ٹیکسی میں کیوں بدل ڈالی؟ حیران کن وجہ جانیے

ویب ڈیسک
February 23, 2023
 

 قیمتی رولس روئس ٹیکسی کا ایک دن کا کرایہ 25 ہزار بھارتی روپے ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا

بھارتی تاجر نے کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی رولس روئس گاڑی عام ٹیکسی میں بدل ڈالی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کیرلہ سے تعلق رکھنے والے چھیمانور جیولر گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر بوبی چھیمانور نے کروڑوں روپے مالیت کی رولس روئس فینٹم گاڑی ٹیکسی میں بدل ڈالی جسے لوگ کرائے پر استعمال بھی کر سکتے ہیں تاہم رولس روئس کی وجہ سے اس کا کرایہ دیگر ٹیکسیوں سے تھوڑا زیادہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رولس روئس ٹیکسی کا ایک دن کا کرایہ 25 ہزار بھارتی روپے رکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر بوبی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لوگ میری گاڑی کو عجیب عجیب نظروں سے دیکھتے تھے جو مجھے بالکل بھی اچھا نہیں لگتا تھا، یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنی گاڑی کو ٹیکسی میں بدلنے کا فیصلہ کیا۔

رولس روئس فینٹم گاڑی کا ٹیکسی میں تبدیل ہونے سے پہلے سیاہ رنگ تھا لیکن ڈاکٹر بوبی نے اس کا رنگ تبدیل کروا کر گولڈن کروا دیا اور گاڑی کے اوپر ٹیکسی لائٹ بھی لگوا دی تاکہ لوگ اسے پہچاننے میں ہچکچاہٹ کا شکار  نہ ہوں۔

بھارتی تاجر نے ٹیکسی کو گولڈ شیریٹ کا نام دیا ہے جس کا نمبر بھی بہت خاص یعنی 0001 ہے۔

چھیمانور جیولر گروپ کا کاروبار بھارت سمیت کئی ممالک میں ہے اور ڈاکٹر بوبی کا شمار ریاست کیرلہ کی مشہور کاروباری شخصیات میں ہوتا ہے۔