LIVE

واٹس ایپ کا نیا فیچر جو چیٹس کو ہمیشہ کے لیے بدل دے گا

ویب ڈیسک
February 24, 2023
 

ایک رپورٹ میں اس فیچر کے بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

اب تو لگ بھگ سب ہی واٹس ایپ کا استعمال دن بھر میں کئی بار کرتے ہیں تاکہ اپنے پیاروں اور دوستوں سے رابطے میں رہ سکیں۔

واٹس ایپ استعمال کرنے والا ہر فرد روزانہ کئی پیغامات بھیجتا ہے، مگر کئی بار جلد بازی میں میسج بھیجنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ ہم سے غلطی ہوگئی ہے۔

ایسا ہونے پر میسج کو ڈیلیٹ کرنا پڑتا ہے کیونکہ کوئی اور آپشن دستیاب نہیں ہوتا۔

مگر واٹس ایپ میں بہت جلد ایسا فیچر متعارف ہونے والا ہے جو اس مسئلے کا حل ثابت ہوگا۔

واٹس ایپ کی جانب سے ایک سال پہلے میسج کو ایڈٹ کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کی گئی تھی مگر پھر اس پر کام روک دیا گیا تھا۔

اب WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی آئی او ایس ایپ کے بیٹا ورژن میں اس فیچر کا اشارہ دیا گیا ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اسے بہت جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

یہ نیا فیچر جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے / فوٹو بشکریہ WABetaInfo

رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے تحت کسی میسج کو بھیجنے کے بعد اسے 15 منٹ کے اندر ایڈٹ کرنا ممکن ہوگا۔

جب کوئی میسج ایڈٹ کیا جائے گا تو وقت کے ساتھ ایک لیبل کے ذریعے اس میں تبدیلی کو واضح کیا جائے گا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس فیچر سے صرف ٹیکسٹ میسجز میں تبدیلی ممکن ہوگی، تصاویر اور ویڈیوز میں دیے جانے والے کیپشنز کو بدلنا ممکن نہیں ہوگا۔

ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ فیچر کب تک صارفین کو دستیاب ہوسکتا ہے مگر امید ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔