LIVE

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

ویب ڈیسک
March 08, 2023
 

کاغذات نامزدگی 12 سے 14 مارچ تک جمع کرائے جا سکیں گے، 5 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے: الیکشن کمیشن۔ فوٹو فائل

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق امیدوار کی جانب سے کاغذات نامزدگی 12 سے 14 مارچ تک جمع کرائے جا سکیں گے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 مارچ تک ہو گی۔

الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 27 مارچ تک جمع کرائی جا سکیں گی، الیکشن ٹریبونلز اپیلوں کو 3 اپریل تک نمٹائیں گے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 5 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے، انتخابی نشان 6 اپریل کو دیے جائیں گے اور پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ 30 اپریل کو ہو گی۔

الیکشن شیڈول کے مطابق خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرستیں 14 مارچ تک جمع کرائی جائیں گی۔ 

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے صدر مملکت کو 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کی تھیں، صدر عارف علوی نے پنجاب اسمبلی میں انتخابات کے لیے 30 اپریل کی تاریخ کی منظوری دی تھی۔