LIVE

خیبر میں فورسز کی فائرنگ سے ہلاک دہشتگرد عظمت سے متعلق تفصیلات جاری

ابوبکرصدیق
April 27, 2024
 

ہلاک دہشتگرد نے جمرود سے مدرسوں کے 4 طالب علموں کو اغوا کیا تھا اور انہیں کالعدم تنظیم میں شامل ہونے کی ترغیب دی تھی: پولیس/ فوٹو جیونیوز

پشاور: خیبر میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک دہشتگرد عظمت سے متعلق سینٹرل پولیس آفس نے تفصیلات جاری کردیں۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق 25 اپریل کو آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشتگرد عظمت کو مارا گیا تھا، ہلاک دہشتگرد نے جمرود سے مدرسوں کے 4 طالب علموں کو اغوا کیا تھا اور انہیں کالعدم تنظیم میں شامل ہونے کی ترغیب دی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چاروں طالب علموں کو افغانستان منتقل کیا گیا تھا جن میں سے 2 کو ٹریننگ دی جارہی ہے جب کہ ایک طالب علم کو افغانستان سے واپسی پر سکیورٹی فورسز نے پکڑا تھا ۔ 

رپورٹ کے مطابق دہشتگرد عظمت نے اگست 2019 میں ایف سی پر حملے میں ایک اہلکار کو شہید اور 4 کو زخمی کیا تھا، اکتوبر 2022 کو جمرود میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جب کہ 24 نومبر کو دہشتگرد عظمت نے ضلع خیبر میں ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا، اسی طرح جون 2023 کو دہشتگرد عظمت نے جمرود میں پولیس چوکی پر فائرنگ کی تھی۔

سنٹرل پولیس آفس کا کہنا ہےکہ مارے گئے دہشتگرد نے کانسٹیبل مجیب کا قتل بھی کیا تھا، دہشتگرد عظمت کے سر کی قیمت لاکھوں میں مقرر تھی، ہلاک دہشتگرد پر ٹارگٹ کلنگ، پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کی  ایک درجن سے زیادہ ایف آئی آرز درج تھیں۔