LIVE

حیدرآباد: چھری کے وار سے زخمی خاتون تڑپتی رہی، لوگ ویڈیوبناتے رہے

حامد شیخ
March 14, 2023
 

حیدرآباد میں انسانیت سوز  واقعہ پیش آیا ہے جہاں چھری کے وار سے ایک  زخمی خاتون تکلیف سے تڑپتی رہی اور  بے حس لوگ اسے اسپتال لے جانےکے بجائے ویڈیوبناتے رہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ حیدرآباد ائیرپورٹ کے قریب سرمست روڈ پر پیش آیا،  جہاں 28  سالہ خاتون اقراء مشوری کو نامعلوم افراد نے چھری کے وارکرکے شدید زخمی کردیا۔

خاتون زخمی حالت میں کئی گھنٹے تک تکلیف میں تڑپتی رہی، پانی مانگتی رہی لیکن بے حس افراد خاتون سے اس کا اور  اسے مارنے والےکا نام پوچھتے رہے۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر زخمی خاتون کو  بھٹائی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ قاسم آباد کی رہائشی بتائی جاتی ہے، اس حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔