LIVE

وہاب ریاض نے مشیر کھیل کا عہدہ سنبھال لیا، سب سے پہلے کس قومی ہیرو سے ملے؟

ویب ڈیسک
March 22, 2023
 

نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ وہ اسپورٹس مین ہیں اس لیے کھلاڑیوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں— فوٹو وہاب ریاض ٹوئٹر

ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان کا چارج سنبھال لیا ۔

نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ وہ اسپورٹس مین ہیں اس لیے کھلاڑیوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں، کوشش ہو گی کہ کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں اسپورٹس بورڈ پنجاب کے افسران نے وہاب ریاض کو چارج سنبھالنے کے بعد بریفنگ دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلانے کی کوشش کریں گے، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود پر توجہ ہو گی۔

وہاب ریاض نے کہا کہ پنجاب میں انفراسٹرکچر اور گراس روٹ پر کام کرنے کی ضرورت ہے، قومی ہیرو اولمپئن ارشد ندیم سے ملاقات کی ہے ان کے مسائل سنے، کھیلوں کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی کابینہ میں وہاب ریاض کو نگران وزیر کھیل نامزد کیا گیا تھا تاہم وہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے عہدے کا حلف نہیں اٹھا سکے تھے اور اب بطور مشیر یہ ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔