LIVE

پختونخوا کے انتخابات بھی 8 اکتوبر کو کرائے جائیں: گورنر کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

نوشین یوسف
March 24, 2023
 

پختونخوا میں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، الیکشن کمیشن نے پنجاب کے انتخابات کو 8 اکتوبر تک ملتوی کیا ہے: حاجی غلام علی— فوٹو: فائل

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے انتخابات بھی 8 اکتوبر کو کرائے جائیں۔

گورنر  کے خط کے متن کے مطابق پختونخوا میں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، جنوبی وزیرستان میں سرحد پارسے فائرنگ ہوئی، کوہاٹ میں آرمی کی گاڑی پر حملہ ہوا، اس کے علاوہ جنوبی وزیرستان، باڑہ پولیس اسٹیشن پر بھی دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان میں بھی پولیس اسٹیشن پر حملہ ہوا، ان حملوں میں 21 مارچ کو 3فوجی شہید ہوئے،  جنوبی وزیرستان میں بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کے قافلے پر حملہ ہوا جس کے نتیجے میں بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید اور 7 افراد زخمی ہوئے۔

انہوں نے خط میں تجویز دی کہ  الیکشن کمیشن نے پنجاب کے انتخابات کو 8 اکتوبر تک ملتوی کیا ہے لہٰذا  خیبرپختونخوا کے انتخابات بھی 8 اکتوبر کو کرائے جائیں۔