LIVE

فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ویری فائیڈ کرانے کی فیس کتنی ہوگی؟

ویب ڈیسک
March 29, 2023
 

یہ سروس ابھی امریکا سمیت چند ممالک میں متعارف کرائی گئی ہے / رائٹرز فوٹو

میٹا کی جانب سے فروری 2023 میں اعلان کیا گیا تھا کہ انسٹاگرام اور فیس بک استعمال کرنے والے صارفین ماہانہ فیس ادا کرکے اپنے اکاؤنٹ کو ویری فائیڈ (یا اکاؤنٹ پر بلیو ٹک) کرا سکیں گے۔

میٹا ویری فائیڈ نامی سبسکرپشن پلان ابھی امریکا سمیت چند ممالک میں ہی دستیاب ہے۔

تاہم پاکستان میں اکاؤنٹ پر بلیو ٹک کے حصول کے لیے صارفین کو ماہانہ کتنے روپے ادا کرنا ہوں گے؟

تو پاکستان میں صارفین کو اپنا اکاؤنٹ ویری فائیڈ کرانے کے لیے ماہانہ 2900 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

یہ ماہانہ فیس بک کے ویب ورژن کے لیے ہوگی۔

اکاؤنٹ پر بلیو ٹک کے ساتھ ساتھ سبسکرپشن پلان کے تحت صارفین کو خصوصی فیچرز جیسے پرو ایکٹیو پروٹیکشن، ڈائریکٹ کسٹمر سپورٹ اور دیگر تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی۔

کون میٹا ویری فائیڈ کے لیے اہل ہوگا؟

یہ سروس ابھی پاکستان میں دستیاب نہیں / اسکرین شاٹ

میٹا نے اپنے سبسکرپشن پلان کے لیے چند شرائط پر عملدرآمد لازمی قرار دیا ہے۔

کمپنی کے مطابق اگر آپ فیس بک یا انسٹاگرام پر اپنے اکاؤنٹ کو سبسکرپشن پلان کے تحت ویری فائی کراتے ہیں تو پھر آپ پروفائل نیم، یوزر نیم، تاریخ پیدائش یا پروفائل فوٹو کو تبدیل نہیں کرسکیں گے۔

صارفین کی جانب سے کسی تبدیلی کی کوشش کو کمپنی کی جانب سے بلاک کر دیا جائے گا، اگر وہ ایسا کرنا چاہتے ہیں تو انہیں سبسکرپشن پلان کی رکنیت چھوڑنا ہوگی۔

اسی طرح میٹا ویری فائیڈ کا حصہ بننے کے لیے کم از کم عمر 18 سال ہوگی اور صارف کو حکومتی شناختی کارڈ کی ایسی نقل جمع کرانا ہوگی جو فیس بک یا انسٹاگرام پر اس کی فوٹو سے ملتی ہو۔

ہر اکاؤنٹ میں 2 فیکٹر authentication کو ٹرن آن کرنا بھی لازمی ہوگا جبکہ حال ہی اکاؤنٹس پر کچھ پوسٹس کرنا بھی ضروری ہوگا۔

میٹا نے مزید بتایا کہ آغاز میں سبسکرپشن پلان کے صارفین کا بلیو ٹک پرانے اکاؤنٹس کے بلیو ٹک جیسا ہی ہوگا، البتہ پرانے اکاؤنٹس میں فالوورز کی تعداد ڈسپلے کی جائے گی۔