Time 20 فروری ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ٹوئٹر کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام صارفین بھی اب ویری فائیڈ اکاؤنٹ کی فیس ادا کریں گے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ٹوئٹر کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام کے صارفین بھی ویری فائیڈ (یعنی بلیو ٹک) والے اکاؤنٹ کی فیس  ادا کریں گے۔

میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اتوار کو اعلان کیا کہ فیس بک اور انسٹاگرام کے صارفین کو بلیو ٹک کی فیس ادا کرنا ہوگی۔

ویب پر استعمال کرنے والے فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کیلئے  اکاؤنٹ ویری فائیڈ کرانے کے لیے سبسکرپشن سروس  11.99 ڈالر ماہانہ سے شروع ہوگی جبکہ آئی فون کے صارفین 14.99ڈالر فیس ادا کریں گے۔

میٹا کے مطابق یہ سروس ابتدائی طور پر اس ہفتے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں شروع کی جائے گی جبکہ اس سروس سے پہلے سے  تصدیق شدہ اکاؤنٹس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ  18 سال سے زائد عمر کے صارفین فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کی ویری فائیڈ سبسکرپشن کے لیے اہل ہیں۔

مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سوشل میڈیا ایپس پر سکیورٹی اور تصدیق شدہ اکاؤنٹس میں بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے ٹوئٹر کے ویری فائیڈ صارفین کے لیے بلیو سبسکرپشن سروس شروع کی تھی۔

ٹوئٹر کی جانب سے اس سروس کے عوض ماہانہ 8 سے 11 ڈالرز لیے جارہے ہیں اور اس کا حصہ بننے والے صارفین کو بلیو ٹک کے ساتھ چند تجرباتی فیچرز تک رسائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔

ٹوئٹر کے مقابلے میں میٹا کی ایسی سروس کے کامیاب ہونے کا امکان زیادہ ہے کیونکہ انسٹاگرام میں ابھی صارفین کے لیے پروفائل کو ویری فائی کرانا بہت مشکل ہوتا ہے۔

مزید خبریں :