LIVE

شارجہ: شوہر نے بیوی بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی

ویب ڈیسک
March 30, 2023
 

شوہر کے کپڑوں سے ایک تحریری نوٹ ملا جس میں اس نے اپنی بیوی اور بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا، ساتھ ہی اپنی خودکشی کا حوالہ بھی دیا: پولیس/ فائل فوٹو

شارجہ میں ایک شخص نے بیوی اور بچوں کو قتل کرنے کے بعد رہائشی عمارت سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ شارجہ میں پیش آیا جہاں ایک شوہر نے گھر میں ہی پہلے اپنی بیوی اور 2 بچوں کو قتل کیا اور پھر رہائشی عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر  زخمی شوہر کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال روانہ کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق خودکشی کرنے والے شخص کے کپڑوں سے ایک تحریری نوٹ ملا جس میں اس نے اپنی بیوی اور بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا، ساتھ ہی اپنی خودکشی کا حوالہ بھی دیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور وجوہات کا پتا چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔