LIVE

ایف آئی اے کی کراچی میں کارروائی، حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے دو ملزمان گرفتار

افضل ندیم ڈوگر
March 30, 2023
 

گرفتار ملزمان میں عمیر خالد اور سکندر علی شامل ہیں۔ ملزمان کو علی بھائی سوسائٹی عزیزآباد سے گرفتار کیا گیا— فوٹو: جیو نیوز

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکنگ سرکل نے کراچی کے علاقے عزیز آباد میں ایک کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل کراچی رابعہ قریشی کی ہدایت پر ایک ٹیم نے کارروائی میں 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان بغیر لائسنس کے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث تھے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 45600 امریکی ڈالر، 795000 ہزار روپے اور ہنڈی حوالہ سے متعلق رسیدیں بھی برآمد کر لی گئیں۔

گرفتار ملزمان میں عمیر خالد اور سکندر علی شامل ہیں۔ ملزمان کو علی بھائی سوسائٹی عزیزآباد سے گرفتار کیا گیا۔

گرفتار ملزمان کے موبائل فونز سے ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق متعدد پیغامات بھی برآمد کر لیے گئے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور  مزید تفتیش جاری ہے۔