LIVE

جناح ٹرمینل سے غائب 20 لاکھ روپے کے زیورات ائیر پورٹ پولیس نے ڈھونڈ نکالے

افضل ندیم ڈوگر
April 01, 2023
 

 پولیس کے مطابق ٹیکنیکل طریقے سے تلاش کے بعد ائیر پورٹ پولیس نے بیگ لے جانے والے مسافر کی کھوج لگائی__فوٹو: جیو نیوز

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دبئی سے پہنچے مسافر کے 20 لاکھ روپے مالیت کے 20 دن سے گمشدہ زیورات ائیرپورٹ پولیس نے 2 دن میں کھوج لگا کر ڈھونڈ لیے اور مالک کے حوالے کر دیے۔

 ایس ایچ او ائیرپورٹ انسپکٹر کلیم موسیٰ کے مطابق ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک مسافر محمد اسلم اپنی اہلیہ کے ہمراہ دبئی کے راستے پرواز ای کے 602 سے 10 مارچ کو کراچی پہنچے۔

لگیج بیلٹ سے سامان لینے کے دوران پورٹر نے ان کا زیورات سے بھرا بیگ غلطی سے کسی دوسرے مسافر کے سامان کی ٹرالی میں رکھ دیا۔ 

کچھ دیر بعد بیگ غائب ہونے کا احساس ہونے پر مسافر نے سامان کی تلاش شروع کر دی مگر ناکام رہا۔ 

ائیر لائن کوارٹر سول ایوی ایشن اور دیگر اداروں سے بھی مدد لی گئی مگر بیگ لے جانے والے مسافر کا پتہ نہ چل سکا۔ 

کلیم موسیٰ کے مطابق مسافر محمد اسلم نے 28 مارچ کو ائیرپورٹ تھانے میں سامان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ 

پولیس کے مطابق ٹیکنیکل طریقے سے تلاش کے بعد ائیر پورٹ پولیس نے ناصرف بیگ لے جانے والے مسافر کی کھوج لگائی بلکہ کے محمد اسلم کا تمام سامان  برآمد کرلیا اور محمد اسلم کو یہ سامان تھانے بلوا کر حوالے کردیا۔