LIVE

نمبر 1 ون ڈے ٹیم، بابر اعظم کی اِسی دن 9 سال قبل کی گئی ٹوئٹ وائرل

ویب ڈیسک
May 06, 2023
 

2005 میں آئی سی سی رینکنگز کے باضابطہ اجراء کے بعد پاکستان پہلی مرتبہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے/ فوٹو ٹوئٹر

فخرِ پاکستان اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو 5 مئی 2023 کو تاریخ میں پہلی بار ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز ملا۔

 2005 میں آئی سی سی رینکنگز کے باضابطہ اجراء کے بعد پاکستان پہلی مرتبہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے ۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان کی رینکنگ پانچویں تھی، سیریز میں شاندار پرفارمنس کے ساتھ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک کے چاروں میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

تاہم 5 مئی کو یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد بابر اعظم کی 9 سال قبل یعنی اسی روز 5 مئی 2014 کو کی گئی ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

اس ٹوئٹ میں بابر نے لکھا تھا 'شکر ہے اللہ کا کہ میں پاکستان کے کیمپ کے لیے سلیکٹ ہوگیا، پاکستان کا کنڈیشنل سمر کیمپ 8 مئی سے شروع ہورہا ہے'۔

اس حوالے سے میچ کے بعد کی تقریب میں میزبان سکندر بخت نے بابر سے سوال بھی کیا کہ آج ہی کے دن 9 سال قبل آپ کو پاکستان کی سینئر کیمپ میں شامل کیا گیا تھا اور آج اسی دن آپ کی ٹیم ون ڈے میں پہلی پوزیشن پر ہے۔

جواب میں کپتان نے کہا 'تب سے لے کر اب تک کا میرا سفر یادگار ہے جس میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھے، مجھے میری ٹیم سمیت مداحوں اور اہلخانہ کا سپورٹ رہا جس پر میں شکر گزار ہوں'۔