LIVE

محرم الحرام: کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنےکا فیصلہ

راشد سعید
July 21, 2023
 

ٹراما سینٹر میں 24 گھنٹے ایمرجنسی نافذ رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جب کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ایمبولنسز بھی ہائی الرٹ پر ہوں گی/ فائل فوٹو

محرم الحرام کے دوران کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر  محمد انور کاکڑ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اسپتالوں میں ایک ایمرجنسی وارڈ بھی مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے سمیت تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹی پر موجودگی یقینی بنانےکی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ شہر کے مخلتف مقامات پر 10 ایمبولینسز ہائی الرٹ رہیں گی جب کہ  علمدار روڈ اور باچاخان چوک سمیت دیگر مقامات پرکیمپ بھی لگائے جائیں گے۔

محرم کے دوران ٹراما سینٹر میں 24 گھنٹے ایمرجنسی نافذ رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جب کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ایمبولنسز بھی ہائی الرٹ پر ہوں گی۔

اس کے علاوہ شہر میں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمرے درست حالت میں رکھے جائیں گے۔