LIVE

’میری خوبصورت ماں نے سب کچھ کیا‘، ماہرہ نے مایوں سمیت دعائے خیر کی تصاویر جاری کردیں

ویب ڈیسک
October 05, 2023
 

اداکارہ کی جانب سے تصاویر کے کیپشن پر اپنی والدہ کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا__فوٹو: انسٹاگرام/ماہرہ خان

حال ہی میں دوسری مرتبہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی ماہرہ خان نے دعائے خیر اور مایوں کی تصاویر جاری کی ہیں۔

ماہرہ خان نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام پر جاری کردہ پیغام میں کہا تھا کہ وہ جلد شادی کی دیگر تقریبات کی تصاویر مداحوں سے شیئر کریں گی۔

اداکارہ کی جانب سے تصاویر کے کیپشن پر اپنی والدہ کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

انہوں نے لکھا 'میری والدہ کی خواہش تھی کہ میری شادی کی شروعات دعائے خیر سے ہو، میری خوبصورت اماں جو وہیل چیئر پر ہیں، لوگ سمجھتے ہیں وہ زیادہ کچھ نہیں کرسکتیں لیکن دراصل وہ بہت کچھ اور سب کچھ کرسکتی ہیں'۔

ماہرہ نے لکھا 'انہوں نے بیٹھے ہوئے گھر کی تمام ڈیکوریشن اور دیگر تیاریاں کیں اور وہ وقت پر تیار بھی تھیں ، ہمارے والدین کے لیے الحمداللہ'۔

اداکارہ نے بتایا 'اسی دن میری بچپن کی دوستوں نے میرے لیے مایوں رکھی، ان دوستوں کے لیے الحمداللہ جنہیں میں اپنی بہنیں کہہ سکتی ہوں'۔

ماہرہ خان نے یہ بھی بتایا کہ 'میں نے نیچے جانے سے قبل اپنی نانی اور دادی کے لیے موتیا کے پھول لے کر کانوں میں پہنی بالیوں میں ڈال لیے تھے'۔

تصاویر سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ماہرہ نے دعائے خیر میں آف وائٹ رنگ کے حیدرآبادی کرتے کے ہمراہ سنہرے رنگ کا چوڑی دار پاجامہ پہنا تھا جب کہ مایوں میں انہوں نے روایتی پیلے رنگ کا جوڑا پہنا۔

فوٹو: انسٹاگرام/ماہرہ خان