LIVE

اداکارہ ثروت گیلانی کے ہاں تیسرے بچے کی آمد متوقع

ویب ڈیسک
October 09, 2023
 

نئے مہمان کی آمد کی اطلاع کیلئے اس سے بہتر کوئی تصویر نہیں ہوسکتی تھی: ثروت گیلانی کی سوشل میڈیا پوسٹ/ فوٹو سوشل میڈیا

پاکستان کی معروف اداکارہ ثروت گیلانی اور اداکار وسرجن فہد مرزا کے ہاں تیسرے بچے کی آمد متوقع ہے۔

اداکارہ ثروت گیلانی اور فہد مرزا2014 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، معروف جوڑے کے ہاں یہ تیسرے بچے کی پیدائش ہے اس سے قبل اداکار جوڑی کے دو بیٹے( روحان مرزا اور آریز مرزا ) بھی ہیں، روحان کی پیدائش 2015 اور آریز کی پیدائش 2017 میں ہوئی تھی۔

گزشتہ روز جوائے لینڈ اسٹار ثروت گیلانی کی جانب سے انسٹاگرام پر فلم کاسٹ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے تیسرے بچے کی آمد کی اطلاع دی گئی۔

جوائے لینڈ کاسٹ کے  ہمراہ تصویر میں  اداکارہ کو سرمد کھوسٹ ، ثنا جعفری، علی جونیجو، صائم صادق  اور علینہ خان کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

تصویر کا کیپشن شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ ‘ نئے مہمان کی آمد کی اطلاع کیلئے اس سے بہتر کوئی تصویر نہیں ہوسکتی تھی، ہم   اپنی زندگی کی  سب سے بڑی  اور آنے والی زندگی کی خوشی کو ایک ساتھ سلیبریٹ کررہے ہیں‘ ۔