LIVE

غزہ میں فضا سے گرائی جانے والی امداد بھی فلسطینیوں کی جان لینے لگی، 5 شہید

ویب ڈیسک
March 08, 2024
 

ہوائی جہاز سے گرائی جانے والی امداد شمالی غزہ کے علاقے شیخ رضوان میں گری جہاں یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا—فوٹو: اے ایف پی

مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں فضا سے گرائی جانے والی امداد کی زد میں آکر 5 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق ہوائی جہاز سے گرائی جانے والی امداد شمالی غزہ کے علاقے شیخ رضوان میں گری جہاں یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ علاقے میں لوگ امداد کے انتظار میں کھڑے تھے تاہم امدادی سامان کے ساتھ منسلک پیراشوٹ نہ کھلنے کی وجہ امدادی سامان نیچے کھڑے لوگوں پر آگرا۔ 

ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ 3 شدید زخمی افراد کو کمال عدوان اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جان کی بازی ہار گئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں غزہ میں امداد کے منتظر افراد پر اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک سے زائد حملے ہوئے جن کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔