LIVE

حکومت محسن نقوی کو وزیر داخلہ بناتی ہے تو ہم سے مفاہمت بھول جائیں: اسد قیصر

ویب ڈیسک
March 08, 2024
 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ اگر حکومت سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو وزیر داخلہ بناتی ہے تو پی ٹی آئی سے مفاہمت بھول جائیں۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں استحکام ہو تاکہ معیشت بہترہو، ابھی الیکٹورل کالج مکمل نہیں ہے، پہلے دوسرے قسم کی چوری ہوتی تھی اب ووٹ چوربھی آگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مجبورکیا جارہا ہے کہ قانونی آپشن چھوڑکرسڑکوں پرآئیں، اگر مینڈیٹ کوتسلیم نہیں کیا گیا توسڑکوں پرآئیں گے، اگرہماری بات نہیں سنی جاتی توبھرپورطریقے سے سڑکوں پرآئیں گے اوراپنے حق کےلیے لڑیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ عوام کے ووٹ کوتسلیم کیا جائے ووٹ کوعزت دی جائے، ہم سب سے پہلے قانونی جدوجہد کریں گے، ابھی قانونی جنگ لڑرہےہیں اور تھوڑا احتجاج کررہےہیں۔

اسد قیصر کا کہنا تھاکہ اگر حکومت سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو وزیر داخلہ بناتی ہے تو پی ٹی آئی سے مفاہمت بھول جائیں، پی ٹی آئی کی کسی سے کوئی بیک ڈور بات چیت نہیں چل رہی، اگر اداروں نے ہماری تسلی نہیں کروائی تو بھرپور احتجاج کریں گے۔

خیال رہے کہ خبر سامنے آئی ہے کہ سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین محسن نقوی سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے۔ ذرائع کے مطابق محسن نقوی کو مشیرداخلہ بنائے جانے کا امکان ہے۔