LIVE

’سعودیہ نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا‘، وزیراعظم سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کے مشکور

ویب ڈیسک
April 16, 2024
 

وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی جس میں شہباز شریف نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے آگاہ کیا/ اسکرین گریب/ فوٹو پی ایم ہاؤس

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ بے مثال تعلقات ہیں جب کہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا استقبال کیا اور پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی جس میں شہباز شریف نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا۔

فوٹو وزیراعظم ہاؤس

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، اس موقع پر وفد نے وزیراعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

سعودی وفد سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ بے مثال تعلقات ہیں، سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، یہ دورہ پاکستان، سعودیہ اسٹریٹیجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب سےتجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانےکا خواہاں ہے، پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کررہا ہے، پاکستان برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات کررہا ہے۔

وزیراعظم کاکہنا تھاکہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی وزیرخارجہ آج ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ سرمایہ کاری پرگفتگو اور مختلف معاہدوں پردستخط بھی ہوں گے۔