پاکستان
Time 15 اپریل ، 2024

سعودی عرب کی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی، وفد پاکستان پہنچ گیا

سعودی عرب وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ کا پاکستان پہنچنے پر استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے ایک ہفتے بعد سعودی عرب کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان آیا ہے جس میں وزیر ماحولیات، وزیرپانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمان عبدالمحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائے شامل ہیں۔

وفد میں سعودی فنڈ برائے سرمایہ کاری، رائل کورٹ، دیگر شعبوں کی شخصیات اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔

سعودی وفد خارجہ، صنعت وتجارت، زراعت، معدنیات، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، آبی وسائل کے وزرا سے ملاقاتیں ہوں گی۔

سعودی وفد سرمایہ کاری کے اگلے مراحل اور عملدرآمد کے امور پر مشاورت کرے گا۔سعودی عرب کی زراعت، تجارت، توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ہے جبکہ دورے میں ریکوڈک منصوبے میں سعودی سرمایہ کاری کے امور زیرغور آئیں گے۔

سعودی وفد کے دورے سے مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور نئے امکانات کی راہیں ہموار ہوں گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کےحالیہ دورہ سعودی عرب میں سعودی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی تھی۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیے میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے سعودی سرمایہ کاری پیکج کا پہلامرحلہ جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :