LIVE

فواد چوہدری پر 36 مقدمات ہیں: آئی جی پنجاب نے عدالت کو آگاہ کردیا

ویب ڈیسک
April 16, 2024
 

عدالت نے فواد چوہدری کو ضمانت دائر کرنے کے لیے ایک ہفتہ کا ٹائم دے دیا/ فائل فوٹو

لاہور : آئی جی پنجاب اور صوبائی حکومت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل عدالت میں پیش کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فواد چوہدری کے خلاف مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں پنجاب حکومت کے وکیل، آئی جی پنجاب اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت کے استفسار پر وکیل پنجاب حکومت نے بتایا کہ فوادچوہدری کے خلاف 40 مقدمات درج تھے، 4 مقدمات خارج کردیے ہیں اب 36 مقدمات رہ گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے بھی عدالت کو آگاہ کیا کہ فواد چوہدری کے خلاف 36 مقدمات درج تھے، 4 میں ڈسچارج کیا جا چکا ہے جس پر عدالت نے پوچھا کیا اس کے علاوہ کسی مقدمے میں نامزد نہیں؟ عدالت کے استفسار پر آئی جی پنجاب نے بتایا ان مقدمات کے علاوہ فواد چوہدری کسی مقدمے میں نامزد نہیں۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ فواد چوہدری نے ان مقدمات میں عبوری ضمانتیں دائر نہیں کیں جس پر عدالت نے پوچھا کیا آپ انہیں عبوری ضمانت دائر کرنے کا موقع دیں گے؟ اس پر آئی جی پنجاب نے کہا جی ہم انہیں موقع دیں گے۔

عدالت نے فواد چوہدری کو ضمانت دائر کرنے کے لیے ایک ہفتہ کا ٹائم دے دیا۔

دوران سماعت جسٹس عالیہ نیلم نے آئی جی پنجاب سے کہا آج آپ بہت مسکرا رہے ہیں اس پر آئی جی عثمان انور نے جواب دیا کہ 12 سال سے آپ کی عدالت میں پیش ہورہا ہوں آج آپ کی طرف سے طنزیہ جملے نہیں آئے۔