LIVE

وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ

ویب ڈیسک
April 17, 2024
 

فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

سعودی وفد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی مفاد میں سرمایہ کاری، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی گفتگو سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، سعودی عرب کے ساتھ اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدے کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد دو روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہے، وفد میں وزیر ماحولیات، وزیرپانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمان عبدالمحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائے، سعودی فنڈ برائے سرمایہ کاری، رائل کورٹ سمیت دیگر شعبوں کی شخصیات اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔