LIVE

افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام، تمام 7 دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک
April 17, 2024
 

 ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، آئی ایس پی آر— فوٹو:فائل

سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی اور تمام 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے اسپن کئی غلام خان کے مقام پر  پاکستان میں دراندازی کرنے کی کوشش کی۔

سکیورٹی فورسز نے تمام 7 دہشت گردوں کو گھیر لیا جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور تمام دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان عبوری افغان حکومت سے بارہا کہتا رہا ہے سرحد کے اطراف مؤثربارڈر منیجمنٹ یقینی بنائے اور توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ توقع ہے عبوری افغان حکومت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کا استعمال روکے گی، سکیورٹی فورسزسرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔