LIVE

نواز شریف اس بار وزیر اعظم بننے پر آمادہ نہیں تھے: سینیٹر عرفان صدیقی

ویب ڈیسک
April 18, 2024
 

فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ان کی لندن میں نواز شریف کے ساتھ بہت سی ملاقاتیں ہوئیں تھیں، وہ وزیراعظم بننے کا ارادہ نہیں رکھتے تھے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس بار وزیر اعظم بننے پر آمادہ نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت کو کابینہ، معیشت کی بحالی اور دیگراہم معاملات میں اپنی رائے دیتے ہیں۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ڈی ایم کو تباہ حال معیشت ملی تھی، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا وزیراعظم شہبازشریف کا بہت بڑاکارنامہ تھا۔

اس سے قبل ایک بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ امکان ہے نواز شریف مسلم لیگ (ن) کی پارٹی صدارت سنبھالیں گے، شہباز شریف کے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ پارٹی کو دے سکیں۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میں رائے موجود ہے کہ پارٹی کو جز وقتی نہیں کل وقتی صدر چاہیے،  شہباز شریف اس وقت اپنے مشن میں مصروف ہیں، معیشت کی بحالی شہباز شریف کا سب سے بڑا مشن ہے، ان کے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ پارٹی کو دے سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی رائے ہے کہ  پارٹی کے سیاسی عہدے حکومتی عہدوں سے علیحدہ کر دیے جائیں، ایک دو ماہ میں اس بارے میں فیصلہ ہو جائے گا۔