LIVE

پی ٹی آئی نے باقاعدہ سوچ سمجھ کر شیر افضل سے بیان دلوایا: حکومتی ترجمان

ویب ڈیسک
April 18, 2024
 

رہنما پی ٹی آئی کا بیان سعودی سرمایہ کاری میں رخنہ ڈالنے کی گھناؤنی سازش ہے: بیرسٹر عقیل/ فائل فوٹو

حکومت پاکستان کے ترجمان قانونی امور  بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے باقاعدہ سوچ سمجھ کر شیر افضل مروت سے بیان دلوایا۔

ایک بیان میں بیرسٹر عقیل نے کہا کہ مذموم کوشش کے بعد پی ٹی آئی کا سعودی عرب مخالف بیان سےلاتعلقی مضحکہ خیز ہے، شیر افضل مروت نے ایسے وقت الزام عائد کیا جب سعودی وفد پاکستان کے دورہ پر تھا۔

بیرسٹر عقیل کا کہنا تھا کہ رہنما پی ٹی آئی کا بیان سعودی سرمایہ کاری میں رخنہ ڈالنے کی گھناؤنی سازش ہے۔

خیال رہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب بھی ملوث تھا، سعودی عرب اور امریکا کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنی بھی سرمایہ کاری آ رہی ہے وہ اسی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔