LIVE

وفاقی وزیر توانائی نے پاور سیکٹر کو معیشت خرابی کی وجہ قرار دے دیا

ویب ڈیسک
April 18, 2024
 

افسران بھی بجلی چوری میں ملوث ہیں مگر ہم کسی بجلی چور کا لحاظ نہیں کریں گے: اویس لغاری فائل فاٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے  پاور سیکٹر کو معیشت خرابی کی وجہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پاور سیکٹر میں 500 ارب روپے سے زائدکے نقصانات ہیں۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ تین ہفتوں میں محکمے کی کمزرویوں کا جائزہ لیا، پاور سیکٹر کے نقصانات 560 ارب روپے تک ہیں، ہم نے پاور سیکٹر کیلئے اصلاحات تیار کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا افسران بھی بجلی چوری میں ملوث ہیں مگر ہم کسی بجلی چور کا لحاظ نہیں کریں گے، بجلی چوری کی روک تھام میں معاونت پر  ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کے مشکور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ملک میں کروڑوں کے اضافی بل بھیجے جاتے ہیں، ملک بھر میں کنڈا سسٹم کا خاتمہ کریں گے اور اب بجلی چوروں پرکوئی رحم نہیں ہوگا۔

اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا آپ کے بھائی بھی میپکو بورڈ میں ہیں؟ جس پر اویس لغاری نے جواب دیا میرے بھائی بھی نہیں رہیں گے۔ 

وزیر توانائی نے کہا کہ بجلی کمپنیوں کو چلانا حکومت کاکام نہیں، یہ کمپنیاں فروخت ہونی ہیں، اس حوالے بات چیت جاری ہے اور بجلی کمپنیوں کے بورڈز غیر سیاسی ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پروٹیکٹد صارفین کو 260 ارب روپے کی سبسڈی دیتے ہیں جب کہ کے الیکٹرک صارفین کو  بھی 170 ارب روپے کی سبسڈی دیتے ہیں، انہوں نے بتایا نندی پور اور گڈو 2  پلانٹ بند ہیں جن کے ملازمین کو ساڑھے7 ارب روپے کی تنخواہیں دی گئیں۔

اویس لغاری نے کہا بجلی تقسیم کی کارکمپنیوں کے صارفین کی طرف 1900 ارب روپے کے بقایاجات ہیں جب کہ سرکاری اداروں کی طرف بقایاجات کم ہیں۔

ان کا کہنا تھا آئی ایم ایف کے کہنے پر ہم کچھ نہیں کرتے، ہمارا گردشی قرض اس وقت 2400 سے 2500 ارب روپے تک ہے اور ہم گردشی قرض کم کرنے کیلئے خود ہی اقدامات کر رہے ہیں۔