LIVE

اسپائیڈر مین کا لباس پہن کر مٹر گشت کرنیوالے جوڑے کو پولیس نے دھر لیا

ویب ڈیسک
April 27, 2024
 

نئی دہلی سے تعلق رکھنے والا سوشل میڈیا انفلوئنسر آدتیہ ہالی وڈ سپر ہیرو کے کردار اسپائیڈر مین سے کافی متاثر ہے: بھارتی میڈیا/ فوٹو سوشل میڈیا

بھارت میں اسپائیڈر مین کا لباس پہنے جوڑے کو سڑکوں پر سیر کرنا مہنگا پڑگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی سے تعلق رکھنے والا سوشل میڈیا انفلوئنسر آدتیہ  ہالی وڈ سپر ہیرو کے کردار اسپائیڈر مین سے کافی متاثر ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ وہ اپنے  انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسپائیڈر مین کا لباس پہن کر مختلف ویڈیو شیئر کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا انفلوئنسر کے ساتھ اس کی ایک خاتون دوست انجلی بھی ہوتی ہے اور  وہ  بھی اسپائیڈر مین کا لباس زیب تن کرکے  ویڈیو بناتی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز جوڑا اپنی ویڈیو بنانے کیلئے اسپائیڈر مین کا لباس پہن کر سڑکوں کی سیر کو نکلا تھا جنہیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر  پولیس نے دھر لیا۔

رپورٹس کے مطابق پولیس  نے بائیک پر شیشے،نمبر پلیٹ نہ ہونے اور ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے پر موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت ان کا چالان کاٹ کر حراست میں لے لیا۔