LIVE

فرٹیلائزر کمپنی کوکھاد کی قیمت میں اضافہ واپس لینےکی ہدایت

ویب ڈیسک
April 27, 2024
 

فوٹو: اے ایف پی فائل

اسلام آباد:  وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار  و نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے فرٹیلائزر کمپنی کو کھاد کی قیمت میں اضافہ  واپس لینےکی ہدایت کردی۔

رانا تنویر حسین کی زیر صدارت فرٹیلائزر  ریویو کمیٹی کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں خریف سیزن کے لیے یوریا اور  ڈی اے پی کھاد کی طلب اور  رسد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ  خریف سیزن کے لیے کھاد کی مانگ گزشتہ سال کے مقابلے میں 3.6 فیصد زیادہ ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ  حکومت کسانوں کو  بلا تعطل کھاد کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، وزارت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کھاد دستیابی اور  پیداوار مانیٹر کر  رہی ہے، حکومت کسانوں کی فلاح وبہبود  اور  زراعت کی بہتری کے لیے پرعزم ہے۔

رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ کھادکی بروقت فراہمی سے پیداوار  میں بھی اضافہ ہوگا، کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا۔

وفاقی وزیر نے فرٹیلائزر کمپنی کو کھاد کی قیمت میں اضافہ واپس لینےکی ہدایت کرتے ہوئےکہا کہ فرٹیلائزر  انڈسٹری کے لیےگیس کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا ہے،کھاد کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز  ہے، یوریا کھاد پر ناجائز منافع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فرٹیلارز  پلانٹس کے لیےگیس کی فراہمی یقینی بنائی جائےگی، مینوفیکچرنگ انڈسٹریز  ترجیحی بنیادوں پرکھاد کی پیداوارکو بڑھائیں، ملک کو معاشی طور  پر مضبوط بنانےکے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز  کو مل کرکام کرنا ہوگا، صنعت اور زراعت کی ترقی سے ملک کی ترقی وابستہ ہے۔

ترجمان وزارت صنعت کے مطابق فرٹیلائزر کمپنی نے کھاد کی قیمت میں 561 روپے فی بوری کا اضافہ کیا تھا۔