LIVE

یہ سال کا سب سے مزیدار لطیفہ ہے، کترینہ کیساتھ فلم کی آفر کے ابرار کے دعوے پر مشی کا ردعمل

ویب ڈیسک
April 28, 2024
 

گلوکار نے گفتگو کے دوران بتایا کہ انہوں نے فلم کی پیشکش ٹھکرادی تھی کیونکہ انہیں کانٹریکٹ میں موجود شرائط پسند نہیں آئی تھیں__فوٹو: اسکرین گریب

پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان نے گلوکار ابرار الحق کے حالیہ بیان پر ان کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔

کچھ روز قبل ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ابرار الحق نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں بھارتی سپر اسٹار کترینہ کیف کے ساتھ فلم کی پیشکش کی گئی، اور یہ پیشکش معروف بھارتی پروڈکشن کمپنی 'ایروس' کی جانب سے کی گئی تھی۔

گلوکار نے گفتگو کے دوران بتایا کہ انہوں نے فلم کی پیشکش ٹھکرادی تھی کیونکہ انہیں کانٹریکٹ میں موجود شرائط پسند نہیں آئی تھیں۔

ابرار الحق نے یہ بھی کہا کہ فلم کے معاوضے تک معاملہ پہنچ ہی نہیں سکا کیونکہ میں نے پہلے ہی انکار کر دیا تھا اور انکار  سن کر کمپنی کافی حیران ہوئی اور  انہوں نے کہا کہ ہمیں آج تک کسی نے منع نہیں کیا۔

انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ ان کے دوستوں نے کافی سرزنش کی کہ یہ فلم کترینہ کے ساتھ تھی تو انکار کیوں کیا۔

مشی خان کا ردعمل:

اب ابرار الحق کے اس دعوے پر مشی خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے گلوکار کے دماغی توازن پر شبہ کا اظہار کیا۔

مشی نے کہا کہ 'روز روز اتنی مزیدار اور دلچسپ خبریں سننے کو ملتی ہیں کہ سمجھ نہیں آتی انسان ہنسے، روئے یا کیا کرے، آج میں نے سنا کہ ابرار الحق کو کترینہ کے ساتھ فلم کی آفر ہوئی اور انہوں نے ٹھکرا دی'۔

اداکارہ نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا 'یہ سال کا سب سے شاندار لطیفہ ہے، پوڈکاسٹ اور سوشل میڈیا کافی عرصہ پہلے آچکا تھا تو یہ کس سن میں آفر ہوئی تھی آپ کو ابرار الحق صاحب؟ اور آپ تب کیوں نہیں بولے؟ اتنے سال بعد کیوں یاد آیا؟'

انہوں نے کہا 'آپ سمیت متعدد افراد کے پارٹی چھوڑنے کے بعد دماغ میں کچھ ہلچل سی مچی ہوئی ہے، کیا بات ہے، یہ کوئی بات ہے کرنے والی، اس اسٹیج اور اس عمر میں'۔