LIVE

پنجاب حکومت کسانوں سے گندم خریدے گی لیکن کتنی، ابھی فیصلہ نہیں ہوا: عظمیٰ بخاری

ویب ڈیسک
May 06, 2024
 

فوٹو: فائل

وزیراطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں سے گندم خریدے گی، لیکن کتنی گندم خریدی جائے گی، اس پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

پروگرام نیا پاکستان میں بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے دعویٰ کیا کہ ایپ کے ذریعے گندم کی فروخت کی پیش کش کرنے والے 4 لاکھ کسانوں میں سے 1 لاکھ 20 ہزار کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روایتی طور پر بھی حکومت گندم مئی میں خریدتی ہے لیکن اس بار تاخیر کی وجہ پہلے سے اسٹاک کی موجودگی اور نئی فصل کی گندم میں موجود نمی بھی ہے۔

کسان اتحاد کے صدر خالد کھوکھر نے جواب میں کہا کہ اگر نمی کی وجہ سے پنجاب حکومت خریداری نہیں کر رہی تو وفاقی ادارہ پاسکو، سیڈ کارپوریشن اور نجی شعبہ کیوں گندم خرید رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومت 60 لاکھ ٹن گندم بھی خرید چکی ہے اس لیے 23 لاکھ ٹن گندم ذخیروں میں موجود ہونے کے باوجود حکومت 40 لاکھ ٹن مزید گندم خرید سکتی ہے۔