LIVE

جسٹس محسن اختر کیانی نے بھی توہین عدالت کی کارروائی کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا

اویس یوسف زئی
May 07, 2024
 

اس سے قبل جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو اپنے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے خط لکھا تھا/ فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے بھی توہین عدالت کی کارروائی کے لیے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج محسن اختر کیانی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کو خط لکھا ہے جس میں اپنے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست کی ہے۔

اس سے قبل جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو اپنے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے خط لکھا تھا جس پر فیصلہ کیا گیا کہ خط کو توہین عدالت میں تبدیل کرکے کارروائی کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو جج صاحبان کے خطوط پر آج بینچ تشکیل کیے جانے کا امکان ہے جو دونوں ججز کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے پر توہین عدالت کے نوٹس جاری کرے گا۔

خیال رہےکہ جسٹس بابر ستار کی امریکی شہریت سے متعلق سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تردید جاری کی تھی کہ جسٹس بابر ستار کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی ملک کی شہریت نہیں، سوشل میڈیا پر جسٹس بابر ستار کے خلاف ہتک آمیز اور بے بنیاد مہم چلائی جارہی ہے۔