LIVE

زیتون کا تیل استعمال کرنے کا بہترین فائدہ دریافت

ویب ڈیسک
May 08, 2024
 

ایک طبی تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

زیتون کا تیل صحت کے لیے بہت زیادہ مفید تصور کیا جاتا ہے اور اب ماہرین نے اس کا ایک اور فائدہ دریافت کیا ہے۔

زیتون کے تیل سے دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

جرنل جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع تحقیق میں 92 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا۔

تحقیق کے آغاز میں یہ افراد امراض قلب اور کینسر سے محفوظ تھے۔

تحقیق کے دوران ان افراد کی غذائی عادات کی جانچ پڑتال کی گئی اور یہ دیکھا گیا کہ زیتون کے تیل کے استعمال سے دماغی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 28 سال تک لیا گیا جس دوران 4751 افراد ڈیمینشیا سے جڑے مسائل کے باعث انتقال کرگئے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ محض آدھا چائے کا چمچ زیتون کا تیل استعمال کرنے سے ڈیمینشیا سے جڑے مسائل سے موت کا خطرہ 28 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ پراسیس چکنائی کی جگہ زیتون کے تیل کا استعمال صحت کے لیے اچھا انتخاب ہے اور جان لیوا ڈیمینشیا کا خطرہ کم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ زیتون کے تیل کا استعمال صحت کے لیے مفید ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دریافت کیا کہ آپ کی غذا جو بھی ہو، زیتون کے تیل کے استعمال سے ڈیمینشیا سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

محققین کے مطابق زیتون کے تیل میں موجود اینٹی اکسائیڈنٹس سے دماغ کو فائدہ ہوتا ہے اور یہ بھی امکان ہے کہ دل کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔