LIVE

المونیم فوائل کی ایک سائیڈ چمکدار جبکہ دوسری بے رنگ کیوں ہوتی ہے؟

ویب ڈیسک
May 10, 2024
 

کیا آپ کو اس کی وجہ معلوم ہے / فائل فوٹو

المونیم کے ورق یا فوائل اکثر کھانوں کو محفوظ رکھنے یا فوڈ پارسل وغیرہ کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ ورق کچن میں بھی مختلف کاموں کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

مگر المونیم فوائل ایک جانب سے چمکتے جبکہ دوسری جانب سے بے رنگ کیوں نظر آتے ہیں؟ کیا ایسا کرنے کی کوئی خاص وجہ ہوتی ہے؟ کیا دونوں اطراف کو مختلف کاموں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے؟

اس کا جواب بہت دلچسپ ہے، درحقیقت چمکتی یا بے رنگ سائیڈ میں کوئی فرق نہیں۔

یعنی دونوں سے کھانا پکانے، غذا محفوظ کرنے اور دیگر تمام کام ایک ہی طرح کرنا ممکن ہے۔

ماہرین کے مطابق آپ المونیم کے ورق کی کوئی بھی سائیڈ استعمال کریں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

تو پھر یہ ورق ایک جانب سے چمکدار اور دوسری جانب سے بے رنگ کیوں ہوتا ہے، یعنی اس فرق کی وجہ کیا ہے؟

اس کا جواب فوائل کی تیاری کے عمل میں چھپا ہوا ہے۔

جی ہاں واقعی تیاری کے دوران فوائل کے دونوں حصوں کو رولنگ مِل پر ایک ساتھ گزارا جاتا ہے، تو فوائل کی جو سائیڈ مِل کے پالش اسٹیل رولرز سے گزرتی ہے وہ چمکدار ہو جاتی ہے جبکہ دوسری سائیڈ ہیوی رولرز سے گزرتی ہے، وہ بے رنگ ہو جاتی ہے۔

آسان الفاظ میں ایک سمت کو زیادہ رگڑا جاتا ہے اور وہ سلور کی طرح چمکنے لگتی ہے جبکہ دوسری سائیڈ اتنی خوش قسمت نہیں ہوتی۔