کیا آپ کو معلوم ہے کہ لفٹ کے اندر آئینے کیوں لگے ہوتے ہیں؟

اس کی وجوہات کافی دلچسپ ہیں / فائل فوٹو
اس کی وجوہات کافی دلچسپ ہیں / فائل فوٹو

آپ نے لفٹ میں سفر تو کیا ہوگا کیا کبھی اس میں لگے آئینوں کو غور سے دیکھا؟

یعنی کیا کبھی آپ نے سوچا کہ آخر لفٹ میں  آئینے کیوں لگے ہوتے ہیں، حالانکہ اس کا سفر تو چند سیکنڈ یا منٹ کا ہوتا ہے؟

ویسے لفٹ کو موجودہ عہد کی بہترین ایجاد تصور کیا جا سکتا ہے کیونکہ زمانہ قدیم میں اتنی بلند و بالا عمارات نہیں ہوتی تھیں۔

یہی وجہ ہے کہ لفٹ کا استعمال اب روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔

جہاں تک اس میں لگے آئینوں کی بات ہے تو ان کو لگانے کی وجہ ایک نہیں بلکہ کئی ہیں اور وہ سب کافی دلچسپ ہیں۔

بند جگہوں کے خوف سے نجات

بیشتر افراد کو بند جگہوں میں خوف محسوس ہوتا ہے اور لفٹ بھی ایک ایسا ہی مقام ہے۔

لفٹ کے اندر جگہ اور آکسیجن کی مقدار محدود ہوتی ہے اور لفٹ کے حرکت کرنے سے چند افراد میں انزائٹی بڑھتی ہے۔

مگر آئینے میں دیکھنے سے انزائٹی کی شدت میں کمی آتی ہے اور جگہ تنگ محسوس نہیں ہوتی۔

تحفظ ملتا ہے

جی ہاں واقعی لفٹ میں لگے آئینوں سے آپ لفٹ میں اپنے ساتھ موجود دیگر افراد کو دیکھ سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر ان افراد کے چہرے کے تاثرات پر نظر رکھ سکتے ہیں یا یہ جان سکتے ہیں کہ وہ کوئی مشکوک حرکت تو نہیں کر رہے۔

بیزاری سے بچانا

لفٹ کا سفر بیشتر افراد کو بیزار کن محسوس ہوتا ہے مگر آئینے اس احساس کو دبانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

آپ آئینے دیکھ کر اپنے بال بنا سکتے ہیں یا خواتین میک اپ ٹھیک کر سکتی ہیں۔

اگر آئینے نہ ہوں تو ہر فرد لفٹ کے دروازے یا فرش کو ہی گھورتا رہے گا جس سے بیزاری کا احساس بڑھ جائے گا۔

آئینوں سے ہمارا دھیان بھٹکتا ہے جبکہ لفٹ کے اندر وقت بھی تیزی سے گزر جاتا ہے۔