LIVE

جے پور لٹریچر فیسٹیول کے کوآرڈینیٹر نے اکیڈمی ایوارڈ واپس کر دیا

OTHERS
October 15, 2015
 

جے پور......راجستھانی ادیب نند بھردواج نے بھی بطورِ احتجاج اپنا ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ واپس کردیا ہے۔ بھرداج بھارت کے معروف ادبی میلے جے پورلٹریچر فیسٹیول کے کوآرڈی نیٹر ہیں اورانہیں یہ ایوارڈ 2004ء میں ملا تھا۔

اکیڈمی کے سیکریٹری کے نام اپنے خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ اکیڈمی ادیبوں کے حقوق کے تحفظ میں ناکام ہو گئی ہے، انہوں نے خط کے ساتھ 50 ہزار روپے کا چیک بھی منسلک کیا ہے ،یہ رقم انہیں ایوارڈ کے ساتھ دی گئی تھی۔

نند بھردواج کا کہنا ہے کہ جس طرح ایم ایم کلبرگی کو قتل کیا گیا اس سے ان کے جذبات سخت مجروح ہوئے ہیں۔اکیڈمی نہ صرف ادیبوں کے تحفظ میں ناکام ہوئی ہے بلکہ اس نے اس سانحہ پر افسوس کا اظہار تک نہیں کیا۔

بھردواج کے مطابق نہ صرف ادیب بلکہ عام آدمی بھی موجودہ صورتحال میں عدم تحفظ کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنا ایوارڈ مذہبی اور قومیتی عدم برداشت کے خلاف احتجاج کے طور پر واپس کر رہے ہیں۔ ان سے پہلے نین تارہ سہگل اور اشوک واجپائی سمیت 29 ادیب اور شاعر اپنے ایوارڈز واپس کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔