LIVE

سندھ: اوگرا کا سی این جی کی کلو کے بجائے لیٹر میں فروخت کا نوٹس

GEO URDU
August 09, 2016
 

 


اوگرا نے سندھ میں سی این جی کی کلو کے بجائے لیٹر میں فروخت کا نوٹس لے لیا،اوگرا نے اس حوالے سے سندھ سی این جی ایسوسی ایشن کو خط لکھ دیا ہے۔


اوگرا نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ مقامی گیس لٹر میں فروخت نہیں کی جاسکتی،مقامی گیس ڈی ریگولیٹڈ نہیں ہے، مقامی گیس کی قیمتوں کا تعین اوگرا کرتاہےجبکہ سی این جی ایسوسی ایشن سندھ کا دعویٰ ہے کہ اوگرا نے ہمیں کوئی خط نہیں لکھا۔واضح رہے کہ سندھ کی سی این جی ایسوسی ایشن تین دن سے گیس کلو سے لیٹر میں تبدیل کر کے بیچ رہی ہے۔


ممبر گیس اوگرا عامر نسیم نے جیونیوز سے گفتگومیں کہا ہے کہ سندھ میں سی این جی کی قیمت کا تعین کرنا ایسوسی ایشن کا اختیار نہیں، ایسوسی ایشن کلوگرام کوبذات خودلیٹرمیں بھی تبدیل نہیں کر سکتی۔


انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سی این جی کی قیمتیں ڈی ریگولیٹڈ ہیں، جس کی منظوری ای سی سی نے دی، ڈی ریگولیشن کی منظوری صرف ایل این جی کے لیے دی گئی تھی۔


عامر نسیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ کے سی این جی اسٹیشن ایل این جی استعمال نہیں کرتے،مقامی گیس کی قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا کو ہے۔