LIVE

لکھنو:چار سال کی بچی ،نویں جماعت کی طالبہ

ویب ڈیسک
August 26, 2016
 

چار سال کی عمر میں بچے اسکول جاتے ہوئے روتے ہیں لیکن بھارت میں ایک بچی ایسی ہے جو خوشی خوشی اسکول جاتی ہے،کہتے ہیں کہ ذہانت عمر اور تعلیم کی محتاج نہیں ہوتی ، اس کا عملی نمونہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب چار سال کی بچی نے نویں جماعت میں داخلہ لے کر سب کو حیران کردیا۔

لکھنو سے تعلق رکھنے والی بچی اننیا جن کی عمر 4سال،8ماہ ہے ،پیدائشی طور پر بہت ذہین ہے ،فر فر ہندی بولتی ،ایک بار پڑھا ہوا سبق یاد کرلینے والی غیرمعمولی ذہین بچی نے محکمہ تعلیم کا ٹیسٹ پاس کیا، جس کے بعد اسے نویں جماعت میں داخلہ دیا گیا ہے ۔اپنی عمر سے بڑے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر نویں جماعت کی کتابیں پڑھتی ہے۔

اس چھوٹی سی بچی نے اپنی آنکھوں میں بڑے بڑے خواب سجا رکھے ہیں ۔کہتی ہے بڑی ہوکرسرکاری افسربنے گی ۔

صرف اننیا ہی ذہین نہیں بلکہ اس کے بہن بھائی بھی ذہانت میں کسی سے پیچھے نہیں۔

اننیا کا بھائی شیلندرا نے بھی صرف 14 برس کی عمر میں کمپیوٹر سائنس میں گریجویشن کرکے بھارت کے سب سے کم عمر کمپیوٹرسائنس گریجویٹ کا اعزاز اپنے نام کیا جب کہ اس کی بہن سشما نے 7 برس کی عمر میں میٹرک کا امتحان پاس کر کے بھارت میں لمکا بک آف ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا اوراب وہ 15 سال کی عمر میں مائیکروبائیولوجی میں ڈاکٹریٹ کررہی ہے۔