LIVE

کسی کو کافر قرار دینا خطرناک مسئلہ ہے، سعودی سپریم علما کونسل

ویب ڈیسک
September 27, 2016
 

سعودی عرب کی سپریم علما کونسل نے کہا ہے کہ دوسروں کو کافر قرار دینا ایک انتہائی خطرناک مسئلہ ہے جس کا تعلق براہِ راست اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہے۔

سعودی سپریم علما کونسل کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دوسروں کو کافر کہنا ایک شرانگیز سوچ ہے جو اس وقت زمین پر سب سے زیادہ خطرناک ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تکفیری عناصر اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے اپنی نسبت جوڑ کر مرضی کے حلال اور حرام کے فیصلے صادر کرتے ہیں جس کے نتیجے میں دوسروں کے جان، مال، حق وراثت اور نکاح تک خطرے میں پڑ جاتے ہیں۔

سعودی سپریم علما کونسل کےبیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بعض ممالک میں جاری بے گناہوں کا قتل عام اور املاک کو بم دھماکوں سے تباہ کرنا صریحاً سنگین جرم ہے جو گمراہ اور تکفیری فرقوں کی کارستانی ہے۔