LIVE

عمران سے تنگ کئی پی ٹی آئی رہنما رابطے میں ہیں، خواجہ آصف

GEO URDU
December 10, 2016
 

 

وزیردفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی پرکڑی تنقید کی ہے،خواجہ آصف کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کے رویے سے تنگ آکر تحریک انصاف کے کئی رہنما ہم سے رابطہ کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان جیسے سیاسی گُھس بیٹھیے سیاسی کارکنوں کے لیے باعث شرمندگی ہیں،جن کی زبان بار بار تبدیل ہوتی ہے،جو لوگ پاناما لیکس پر کمیشن بنانے کا کہہ رہے تھے جب سپریم کورٹ نے کمیشن بنانے کی بات کی تو بھاگ رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کا صبح کچھ اور شام کچھ مؤقف ہوتا ہے، اقتدار کی اتنی شدت کے ساتھ خواہش ہے کہ کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔

انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کی سیاسی تربیت کرنےوالے یاد رکھیں وہ پیپلزپارٹی ہی نہیں ملک کےلیے بھی ضروری ہیں۔

سیالکوٹ میں منتخب میئر کی تقریب سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگلا موڑ الیکشن کا ہے، مسلم لیگ ن نے شہر کی جو خدمت کی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، کسی کو گالی نہیں دی اورکسی کو اوئے کرکے نہیں بلایا، پاناما لیکس کا شور مچانے والوں کو لوگ بھول جائیں گے۔