LIVE

حماس کے یوم تاسیس پر جلوس، ایک لاکھ افراد کی شرکت

GEO URDU
December 10, 2016
 

 

اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے 29 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے غزہ کی پٹی میں ایک جلوس نکالا گیا، جس میں ایک لاکھ افراد نے شرکت کی۔

حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی غزہ میں باکورہ کے مقام پر حماس کے انتیسویں یوم تاسیس کی مناسبت سے ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا، جس میں دوسری مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر حماس کے لاکھوں کارکنان نے ہاتھوں میں حماس کے سبز پرچم بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے، حماس کے تاسیسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن ڈاکٹر خلیل الحیہ نے کہا کہ حماس آزادی کے لیے مزاحمت کے پروگرام سے دستبردار نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حماس فلسطین کی نمائندہ اور مقبول ترین جماعت بن چکی ہے، دنیا کو تسلیم کرنا ہوگا کہ فلسطینی قوم کی نمائندہ قوت ہے اور اسے کسی بھی طور پر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔